اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):چیئرپرسن بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید بینظیر بھٹو کے پاکستان کی غریب خواتین کی فلاح و بہبود کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے دبئی میں جلاوطنی کے دوران اس پروگرام کی بنیاد رکھی جسے 2008 میں صدر آصف علی زرداری نے عملی جامہ پہنایا۔ صدر پاکستان اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق مستحق خواتین کو بلاکسی کٹوتی اور باعزت طریقے سے رقوم کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت مستحق گھرانوں کے بچوں کو وظائف دیئے جارہے ہیں ، بینظیر نشوونما پروگرام خواتین اور بچوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔روبینہ خالد نے کہا کہ مستحق خواتین اور ان کے گھرانوں کے افراد کیلئے سکل ٹریننگ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی غربت میں کمی واقع ہو۔ چیئرپرسن روبینہ خالد نے بتایا کہ 8171 بی آئی ایس پی کا واحد سرکاری نمبر ہے جس سے ادائیگی کی وصولی کا پیغام آتا ہے، اس کے علاوہ کسی بھی دوسرے نمبر سے آنے والا پیغام فراڈ ہے، جب 8171 سے پیغام آئے تو ادائیگی مرکز تشریف لے جائیں ، ڈائنامک رجسٹری کی کوئی فیس نہیں ہےسینیٹر روبینہ خالد نے بی آ ئی ایس پی ڈسٹرکٹ آفس پٹن لوئر کوہستان کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے انتظامی امور کا جائزہ لیا، عملے کو مستحق خواتین کی رہنمائی و بہتر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔