راولپنڈی (نمائندہ خصوصی ):سکیورٹی فورسز نےخیبر پختونخوا کے علاقے دیر میں افغانستان سے داخل ہونے والے 3 دہشت گرد وں کوہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 21 اور 22 جولائی 2024 کی رات سیکورٹی فورسز کو 3 دہشت گردوں ، جو پاکستان افغانستان کی سرحد پر دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، کا ضلع دیر میں موجودگی کا پتا چلا۔ سیکیورٹی فورسز نے دراندازوں کو گھیرے میں لے لیا ۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں تینوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔