کراچی (نمائندہ خصوصی )صوبائی وزیر ترقئ نسواں سندھ شاہینہ شیر علی نے کہا ہے کہ دارالامان کو خواتین کی محض جائے پناہ نہیں بلکہ ایسی جگہ بنایا جائے گا جہاں وہ قلیل مدت میں روزگار کے حصول کے مختلف ہنر سیکھیں اور باہر جاکر اپنے پیاروں کے لیے معاشی طور پر وہ مضبوط و بااختیار کردار ادا کرسکیں جو شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کا ویژن تھا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں ایم ڈی اسٹیوٹا منور علی مٹھانی سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری محکمہ ترقئ نسواں سندھ رشید زرداری بھی موجود تھے۔ ملاقات میں اسٹیوٹا کے تحت سندھ کے پانچ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں قائم دارالامان میں مقیم خواتین کے لیے مختلف تربیتی کورسز کے انعقاد پر گفتگو کی گئی۔ گفتگو میں صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی نے کہا کہ تربیتی کورسز پروگرام کے انعقاد سے قبل اسٹیوٹا کی ٹیم دارالامانوں کا دورہ کرکے جائزہ لے کہ موجودہ حالات میں کون کون سے تربیتی کورسز کہاں کہاں کروائے جاسکتے ہیں جس کے بعد اسٹیوٹا کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کرکے باقاعدہ پروگرام کا آغاز کردیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نہ صرف دارالامان میں مقیم خواتین کو ہنرمندی کے مختلف علوم میں تربیت فراہم کریں گے بلکہ انکے ہنر کی پذیرائی کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔