نئی دہلی (نمائندہ خصوصی ): بھارت میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پارٹی سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو مسلسل جیل میں رکھ کر ان کی صحت کو خطرے میں ڈال رہی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عام آدمی پارٹی کے رکن راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیجریوال کی میڈیکل رپورٹ خطرے کی نشاندہی کرتی ہے اور انہیں کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیجریوال کو جیل میں مارنے کی سازش کی جا رہی ہے۔سنگھ نے دلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے اس بیان پر بھی تنقید کی جس میں انہوںنے کہا تھا کہ کیجریوال جان بوجھ کر خود کو بیمار کر رہے ہیں۔اے اے پی رہنما نے کہا کہ بی جے پی کیجریوال کو مارنے کا ایک خوفناک منصوبہ بنا رہی ہے۔انہوںنے بی جے پی رہنماﺅں کے ان الزامات کی بھی تردید کی کہ کیجریوال کھانے اور دوائیوں سے انکار کر رہے ہیں ۔