لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم دیا ہے۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے ٹیوٹا اداروں میں کورین، جاپانی، جرمن،چینی اور عربی لینگویج کورسز متعارف کرانے اور 9 شہروں میں 45 ویلڈنگ ورک شاپس بنانے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ٹیوٹا کے فائنل میپنگ پلان سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی میپنگ پلان کو حتمی شکل دینے کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹیوٹا اداروں میں مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے اور لارج سکیل کنسٹرکشن ڈیویلپرز کے تعاون سے ہیوی مشینری ڈرائیونگ/ آپریٹر کورس آوٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں سکلڈ جاب کیلئے پنجاب اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹنگ اتھارٹی کے قیام کی تجویزاور ٹیوٹا میں ہیومن ریسورس کی کمی دور کرنے کیلئے ایک ہزار ملازمین کو بھرتی کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ گوجرانوالہ، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، اٹک، ٹیکسلا، لیہ اور میانوالی میں ویلڈنگ اور کنسٹرکشن کورس کی جدید ترین لیب قائم کی جائے گی۔اجلاس میں پریکٹیکل ٹریننگ کیلئے ٹریننگ میٹریل کی خریداری کے بجٹ کو بڑھانے اور ٹریننگ میٹریل کا ماہانہ بجٹ 2 ہزار روپے فی طالب علم کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ اجلاس میں اساتذہ کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ نئے کورسز میں بلڈنگ، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، ٹورازم، ہاسپٹلٹی،انفارمیشن کمیونیکیشن اینڈ ٹیکنالوجی، آٹوموبائل اسمبلنگ اور ریپیئرنگ شامل ہیں۔ فوڈ پروسیسنگ، بائیو میڈیکل ٹیکنالوجی، لائٹ انجینئرنگ، ری نیو ایبل انرجی، سرجیکل انسٹرومنٹ کی پروفیشنل ٹریننگ بھی دی جائے گی۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور بے روزگاری کو کم کرنے میں ٹیکنیکل ٹریننگ کورسز میں جد وقت کی ضرورت ہے۔ انٹرن شپ، اپرنٹس شپس اور ملازمت کے حصول میں معاونت کے لئے معروف صنعتوں کے ساتھ شراکت داری قائم کریں۔ پنجاب میں مضبوط فنی تعلیم کاماڈل نظام بنانے میں کامیاب ہوں گے۔سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،چیئرمین ڈیفم بریگیڈیئر (ر)بابر علاوالدین،چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے سکلز ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ، سیکرٹری انڈسٹری احسان بھٹہ،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی ساجد ظفر ڈال اور دیگر حکام نے شرکت کی۔