اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تخفیف غربت شازیہ مری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے وہ کام کیے جن سے معیشت ٹریک پر آسکے، مفتاح اسماعیل ملک کی بہتری کے لیے تنقید برداشت کر رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ حکومت کی ذمے داری ہوتی ہے کہ لوگوں کو پریشانیوں سے نکالا جائے، لوگوں کو سمجھایا جائے کہ مشکل فیصلہ کیوں لیا جا رہا ہے، ہمیں جو ملبہ ملا ہے اسے جھیلنا پڑے گا۔شازیہ مری نے کہا کہ جس حالت میں عمران خان نے ملک کو پہنچایا ایسا تاریخ میں کبھی نہیں ہوا، عمران خان نے ڈالر 189 پر چھوڑا تھا، حکومت کو بے شمار مسائل ورثے میں ملے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدے پر عمل نہیں کیا، لفاظی بہت کی گئی ہے
وہ اب بھی جاری ہے، جب عمران خان اقتدار میں تھے تو کہتے تھے کہ پچھلی حکومتیں چور تھیں، اب عمران خان اقتدار سے باہر ہیں تو کہتے ہیں کہ موجودہ حکومت چور ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان! آپ اپنے 4 سال کا حساب دو، خان صاحب کو غم صرف کرسی جانے کا ہے، پی ٹی آئی حکومت کو عوام سے غرض نہیں تھی، انہوں نے آئی ایم ایف سے معاہدے کے خدوخال کبھی نہیں بتائے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان نے ڈالر کی قیمت بڑھا کر مہنگائی کا عذاب مسلط کیا، کسی کو غدار قرار دینا ہمارا طریقہ نہیں، عمران خان جو کر رہے ہیں وہ حب الوطنی نہیں ہے، عمران خان یہ بتائیں کہ ملکی تشخص کےلئے انہوں نے کیا کیا؟شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان اپنی 4 سالہ حکومت کا حساب دینے کو تیار نہیں، وہ اداروں سے کہہ رہا ہے کہ مجھے اقتدار میں لاو ورنہ تم برے ہو، وہ اداروں کو تنازعات میں گھسیٹنا چاہتا ہے۔