اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):بین الاقوامی شہرت یافتہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے خیبر پختونخواہ بونیر میں سکھ برادری کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔رجسٹریشن کا عمل بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔بی آئی ایس پی کا فیلڈ سٹاف فعال طور پر مستحق سکھ خاندانوں کا سروے کر رہا ہے تاکہ انہیں پروگرام میں شامل کیا جا سکے، جو سکھ برادری کے ساتھ چیئرپرسن کے وعدے اور عہد کی عکاسی کرتا ہے۔یہ اقدام سینیٹر روبینہ خالد کی اس بات کو یقینی بنانے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ تمام مستحق خاندانوں کو بی آئی ایس پی کی حمایت اور فوائد حاصل ہوں۔سکھ برادری نے سینیٹر روبینہ خالد سے اظہار تشکر کیا اور بی آئی ایس پی کے ذریعے ان کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ بونیر کے اپنے حالیہ دورہ کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے پیر بابا گوردوارہ میں سکھ برادری کے افراد سے ملاقات کی۔انہوں نے سکھ خواتین کی بی آئی ایس پی رجسٹریشن کے عمل کے ذریعے رہنمائی کی اور بونیر میں بی آئی ایس پی آفس کے عملے کو سکھ کمیونٹی کی مستحق خواتین کے سروے میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ سینیٹر روبینہ خالد نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان میں تمام اقلیتی برادریوں کے مسائل کو حل کریں اور ان کی بی آئی ایس پی فیملی میں رجسٹریشن اور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر پہلو سے ان کی مدد کریں۔