اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد سے بینک الفلاح کے صدر/سی ای او عاطف باجوہ اور ڈیجیٹل بینکنگ گروپ ہیڈ یحییٰ خان نے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔ملاقات میں مستحق خواتین کو رقوم کی تقسیم میں شفافیت اور ان کی عزت نفس کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔بات چیت کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے بینک کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کو بطور کلائنٹس ترجیح دیں اور وظیفہ کی رقم سے کٹوتیوں کو ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات کریں۔مزید برآں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کے لیے تکنیکی اور ہنر کی تربیت کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔عاطف باجوہ نے بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کے لیے پائلٹ مرحلہ کے طور پر ہنر کی تربیت کے منصوبے شروع کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔ان مشترکہ منصوبوں کو بی آئی ایس پی اور بینک الفلاح دونوں کی تکنیکی ٹیموں کی مشاورت سے عمل میں لایا جائے گا تاکہ مثبت نتائج حاصل ہوسکیں۔