اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی۔جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سری لنکا میں کئی برس سے قید پاکستانی شہریوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گزشتہ کئی سال سے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے دونوں جانب سے ضروری کارروائی جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔سری لنکن ہائی کمشنر نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر سری لنکن ہائی کمشنر کاشکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا میں قید پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے تمام اقدامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ملاقات میں انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لئےتیزی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے۔