اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن (آئی ٹی ٹی ) کا اجلاس جمعہ کوپارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان، سینیٹر ڈاکٹر محمد ہمایوں مہمند، سینیٹر سیف اللہ سرور خان نیازی، سینیٹر گوردیپ سنگھ، سینیٹر انوشہ رحمن احمد خان، سینیٹر ندیم احمد بھٹو، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، سینیٹر ڈاکٹر محمد ہمایوں اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان، یونیورسل سروس فنڈز (یو ایس ایف) کے سی ای او، اگنائٹ، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے سی ای او نے یو ایس ایف کی بنیاد، اس کے مینڈیٹ اور ٹیلی کام ایکٹ، یو ایس ایف پروگرامز، پراجیکٹ کیٹیگریز، اور منصوبوں کے اثرات کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کمیٹی کے ارکان کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے یو ایس ایف کے دیرینہ فنڈز کی واپسی کا عمل شروع کر دیا ہے، اور یہ رقم متعدد قسطوں میں یو ایس ایف کو واپس کر دی جائے گی۔اگنائٹ (نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ) کے سی ای او نے اس کے کام اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ٹیک انٹرپرینیورشپ کے بارے میں انہوں نے نیشنل انکیوبیشن سینٹرز پر روشنی ڈالی،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 2016 میں شروع ہونے والے اس منصوبے میں اب آٹھ قومی ڈویژنز اور 1,610 اسٹارٹ اپ شامل ہیںاین آئی سی کے کچھ کامیاب اسٹارٹ اپس میں 30 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ بائیکیا اور 17 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ پاک ویٹاشامل ہیں۔ اگنائٹ نے اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، کراچی، پشاور اور حیدرآباد میں آٹھ انکیوبیشن سنٹر قائم کیے ہیں، فیصل آباد (ایگری ٹیک کے لیے) اور راولپنڈی (ایرو اسپیس ٹیکنالوجیز کے لیے) خصوصی انکیوبیٹرز سنٹر قائم کیے گئے ہیں ۔ سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا کہ 2018 میں شروع کی گئی کچھ پالیسیوں پر عمل درآمد نہیں ہوا۔انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کی تخلیقی لیبز، جن کا افتتاح طلباء کے لیے کیا گیا تھا، کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہےمزید برآں، انہوں نے سفارش کی کہ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن بورڈ آف گورنرز کی صدارت کریں، جس کی صدارت اس وقت مختلف سربراہان کر رہے ہیں۔ سینیٹر انوشہ رحمان کی تجویز کے جواب میں، آئی ٹی کی وزیر مملکت نے کہا کہ، 2023 کے ریاستی ملکیتی انٹرپرائز ایکٹ کی وجہ سے، ایک ایسی پیشرفت ہوئی ہے جس کے لیے ان بورڈز کی سربراہی نجی شعبے کے نمائندوں کے پاس ہونی چاہیے۔ تاہم، وہ تجویز کی جانے والی سفارشات کی توثیق کریں گی۔سیکرٹری وزارت آئی ٹی ٹی نے وزار ت آ ئی ٹی ٹی کے کام اور اس کے ڈیجیٹل پاکستان مینڈیٹ، انسانی وسائل اور موجودہ بجٹ کے بارے میں بتایا، کمیٹی کی چیئرپرسن نے تجویز پیش کی کہ وزارت کے حکام مسودہ پالیسیوں خاص طور پر مصنوعی ذہانت پالیسی کو کمیٹی کے ممبران کے ساتھ شیئر کریں تاکہ مستقبل کے بارے میں غور کیا جا سکے۔