اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ابوظہبی پورٹس کے ساتھ معاہدے کے نفاذ میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرکے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید مشینری سے بندرگاہ پر سامان و کنٹینرز کے انتظام کو بہتر کیا جائے ۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ابوظہبی پورٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خرم عزیز خان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابوظہبی پورٹس پاکستان کراچی بندرگاہ میں آئندہ دس برس کے دوران 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، 130 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے تعمیر ہونے والا جدید اور تمام ضروری سہولیات سے لیس کثیر المقاصد ٹرمینل آئندہ دو برس میں مکمل ہو جائے گا۔وفد نے وزیراعظم کو کراچی بندرگاہ پر کنٹینر ٹرمینل کی سہولیات
میں بہتری کیلئے کمپنی کی سرمایہ کاری پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کنٹینر ٹرمینل کے منصوبے میں ایکسس کنٹرول، خودکار گیٹس، برتھ میں مزید 200 میٹر کی توسیع، کرین ریل ٹریک اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر شامل ہے، ٹرمینل پر نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر سے ایک لاکھ 20 ہزار ٹن تک کے مال بردار جہاز لنگر انداز ہو سکیں گے جس سے بندرگاہ پر معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید مشینری سے بندرگاہ پر سامان و کنٹینرز کے انتظام کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹینرز کے نظام کو بہتر کرکے کلیئرنس کیلئے درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ابوظہبی پورٹس کے ساتھ معاہدے کا مقصد شفافیت، استعداد کار میں اضافہ اور پورٹ آپریشنز کی بہتری ہے، ابوظہبی پورٹس کے ساتھ معاہدے کے نفاذ میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرکے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔وزیراعظم نے ریلوے حکام کو منصوبے کو فعال بنانے اور ٹرمینل سے سامان کی ترسیل کو بہتر کرنے کیلئے مال بردار بوگیوں اور ضروری رولنگ سٹاک کی فراہمی کی بھی ہدایت کی ۔