اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس (آج)منگل کو اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں منعقد ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بروز منگل 5 جولائی 2022 کو قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہو گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے ممبران کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ،پارلیمانی کمیٹی کو قومی سلامتی کے موجودہ مسائل پر بریفنگ دی جائے گی۔ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، دونوں ایوانوں کی سینئر پارلیمانی قیادت، وفاقی وزرا، سینئر سیاسی قیادت، صوبائی وزرا اعلی ، آزاد جموں و کشمیر کے صدر و وزیر اعظم اور وزیر اعلی گلگت بلتستان بھی حصوصی طور پر مدعو کیا گیا کمیٹی اجلاس میں سینئر ممبران قومی اسمبلی و سینٹ، قومی اسمبلی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹیاں برائے دفاع کے ممبران، وزارت دفاع، خارجہ، داخلہ، امور کشمیر، صحت، قومی سلامتی ڈویژن کے وفاقی سیکرٹریز شرکت کریں گے،کمیٹی اجلاس میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بھی شرکت کریں گے۔