اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) نے 7ویں خانہ و مردم شماری 2023 ، "پہلی ڈیجیٹل مردم شماری” کے تفصیلی نتائج کے اعلان کر دیا ہے،پاکستان کی کل آبادی 241.49 ملین ہے۔ پی بی ایس کے ترجمان محمد سرور گوندل نے اپنے بیان میں کہا کہ تفصیلی نتائج میں جنس، عمر ، قومیت، زبان، ازدواجی حیثیت، تعلیم، معذوری، شہری اور دیہی آبادی کا تناسب، ہاؤسنگ، پانی اور حفظان صحت کے متعلق قومی، صوبائی، ضلعی اور تحصیل کی سطح کی معلومات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کی موجودہ شرح 2.55 فیصدہے جو خطے کی بلند ترین سطح ہے ۔اگر یہ شرح نمو برقرار رہی تو 2050 تک پاکستان کی آبادی دوگنی ہو جائے گی۔بڑھتی ہوئی آبادی ملکی وسائل پر دباؤ کا موجب ہے۔آبادی میں اضافہ شہریوں کی فی کس آمدنی اور معیار زندگی کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ وسائل کی بہتر تقسیم اور معاشی خوشحالی کے لئے آبادی پر کنٹرول کے لئے ایک مؤ ثر حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت۔ وفاقی وزیر کی جانب سے ساتویں خانہ ومردم شماری کے شفاف انعقاد اور کا میاب تکمیل پر پاکستان ادارۂ شماریات کو مبارکباد دی ہے۔ مختلف سماجی و اقتصادی اعشاریوں پر تفصیلی نتائج کو تحقیق، پالیسی اور منصوبہ بندی میں وسیع پیمانے پر استعمال کیا جائےگا۔ پاکستان کی کل آبادی 241.49 ملین ہے ۔جس میں 51.48 فیصد مرد اور 48.51 فیصد خواتین ہیں جن کا صنفی تناسب 106.12 ہے۔پاکستان میں گھرانے کے افراد کی اوسط تعداد 6.30 ہے۔غالب مذہب اسلام ہے، جو 96 فیصد آبادی کی نمائندگی کرتا ہے۔36.47ملین آبادی پانچ سال سے کم عمر ہے، 97.53 ملین آبادی 15 سال سے کم عمر ہے۔ 62.58 ملین آبادی 15 سے 29 سال کے درمیان ہے۔190.27 ملین آبادی 40 سال سے کم عمر ہے۔پاکستان میں دس سال اور اس سے زیادہ عمر کی 61 فیصد آبادی خواندہ ہے۔ 5 سے 16 سال کی عمر کے تقریبا ایک تہائی بچے اس وقت سکول سے باہر ہیں۔مردم شماری 2023 کے نتائج کے مطابق، معذوری کی رپورٹ کردہ تعداد 3.1فیصد ہے۔کھانا پکانے کے بنیادی ذرائع میں لکڑی اور گیس کا استعمال بالترتیب 53فیصد اور ، 42فیصد ہے۔روشنی کے لئے ملکی آبادی کا انحصار بالترتیب 84فیصد بجلی پر اور 8 فیصد شمسی توانائی پر ہے۔ترجمان پاکستان ادارۂ شماریات نے بتایا کہ مردم شماری میں تقریبا 38 ملین عمارتوں کو جیو ٹیگ کیا گیا ۔ مردم شماری کے مطابق کل 38,318,107 عمارتیں ہیں ،جن میں 114,159 بلند عمارتیں ہیں جن میں سے، 73,501 رہائشی اور 7,593 معاشی عمارتیں جبکہ 33,065 دونوں مقاصد کے لیے استعمال کی جارہی ہیں۔پاکستان ادارۂ شماریات کی ویب سائٹ تمام نتائج کے لئے قابل رسائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان ادارۂ شماریات کے افسران کو اپنی محنت اور لگن سے پاکستان کی ساتویں خانہ و مردم شماری کو مکمل کرنے پر شیلڈز سے نوازا ۔