اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر امور کشمیر شبیر احمد عثمانی کی زیر صدارت جمعرات کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کے 5 برس مکمل ہونے پریوم استحصال کے موقع پر مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کے لئے تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان سید خالد گردیزی اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات و نشریات، اسلام آباد پولیس، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، وزارت تعلیم، پاکستان ریلوے، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، کنٹونمنٹ بورڈ سمیت مختلف وزارتوں اور محکموں کے حکام اور فوکل پرسنز، چاروں صوبوں کے اعلیٰ حکام، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ضلعی انتظامیہ کے نمائندے اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما الطاف حسین وانی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں مختلف وزارتوں اور محکموں کی جانب سے یوم استحصال کے حوالے مجموعی پلان پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف وزاتوں کے نمائندوں نے کوآرڈینیٹرکو اپنے اداروں کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس دن کی مناسبت کے حوالے سے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔شبیراحمد عثمانی نے کہا کہ پاکستان اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف ہر فورم پر اس وقت تک آواز بلند کرتارہے گا جب تک ان کو حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔