لندن(نیوز ڈیسک )برطانیہ کی رائل کورٹ آف جسٹس کی اعلیٰ عدالت کورٹ آف اپیل نے پراپرٹی کیس میں ایم کیوایم کے بانی وقائد الطاف حسین کی اپیل منظورکرتے ہوئے ان کے حق میں فیصلہ دیدیاہے اس طرح الطاف حسین پراپرٹیز کا مقدمہ جیت گئے ۔فوج کی تشکیل کردہ MQM-P کی جانب سے ستمبر2019ء میں برطانیہ کی ہائی کورٹ آف جسٹس کی بزنس اینڈ پراپرٹیز کورٹ میں الطاف حسین اور ان کے رفقاء کے خلاف لندن کی جائیداد وں پر دعویٰ دائر کیاتھا ۔بزنس اینڈ پراپرٹیز کورٹ کے ICC جج کلائیو جونز نے 13مارچ 2023ء کوMQM-P کے حق میں فیصلہ دیا تھا ۔ الطاف حسین کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف رائل کورٹ آف جسٹس کی کورٹ آف اپیل میں اپیل دائر کی گئی تھی ۔ کورٹ آف اپیل کے لارڈ جسٹس مولن(Lord Justice Moylan) ، لارڈ جسٹس آرنلڈ (Lord Justice Arnold) اورلارڈ جسٹس نیوج (Lord Justice Nugee) پر مشتمل تین رکنی بینچ نے 23 اور24 اپریل 2024ء کودوروز تک اپیل کی سماعت کی تھی۔ کورٹ آف اپیل کی اعلیٰ عدالت نے آج الطاف حسین کی اپیل منظورکرلی ہے اور بزنس اینڈ پراپرٹیزکورٹ کے جج کلائیو جونزکے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اپیل کا فیصلہ ایم کیوایم کے بانی وقائد الطاف حسین اور ایم کیوایم ٹرسٹ کے دیگر اراکین کے حق میں دیدیا ہے ۔ کورٹ آف اپیل نے اپنے فیصلے میں یہ بھی حکم دیا ہے کہ 31، اگست یکم ستمبر2016ء کو ایم کیوایم کے آئین میں کی جانے والی ترمیم کے جائز یاناجائزہونے کا تعین کرنے کا معاملہ ہائی کورٹ آف جسٹس میں واپس بھیجاجائے ۔
اس اہم مقدمے میں الطاف حسین کی پیروی کنگ کاؤنسل بیرسٹررچرڈسلیڈ(Richard Slad KC) اوربرطانیہ کی لیگل فرم CM Atif & Co کے سینئر وکیل چوہدری محمد عاطف ایڈوکیٹ اورانکے صاحبزادے سلمان عاطف ایڈوکیٹ نے کی ..