لاہور:: (نمائندہ خصوصی ) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے ایک وفد نے لاہور میں مشائخ پیس الائنس کے چیئرمین پیر سید مخدوم ہارون شاہ گیلانی سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال اورنہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق ذاہد صفی کی قیادت میں وفد نے پیر سید مخدوم ہارون گیلانی کو 19جولائی کو یوم الحاق پاکستان کے حوالے سے لاہور میں منعقد کی جانے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔انہوں نے ریلی میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال اور بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کی ۔ مخدوم سیدہارون شاہ گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے علما ومشائخ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کہ وہ بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزاد ی نہیں حاصل کر لیتے ۔ وفد میں انجینئر مرزا مشتاق ،، زاہد اشرف اور محمد شفیع ڈار بھی شامل تھے۔حریت کانفرنس کے وفد نے لاہور میں خاکسار تحریک کے چیئرمین نور محمد سے بھی ملاقات کی اور انہیں یوم الحاق پاکستان کے موقع پر منعقد کی جانیوالی ریلی میں شرکت کی دعوت دی ۔