اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی ):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کڑی شموزئی ڈیرہ اسماعیل خان میں دیہی مرکزِ صحت پر دہشگردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے حملے میں دو بچوں، دو خواتین ہیلتھ ورکرز، چوکیدار اور جوابی کاروائی میں دہشتگردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نائب صوبیدار محمد فاروق اور سپاہی محمد جاوید اقبال کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔وزیرِ اعظم نے شہداء کیلئے مغفرت اور انکے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کی عفریت کو ختم کرکے دم لیں گے،پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ معصوم بچوں اور عورتوں پر حملہ کرنے والے بزدل دہشتگرد عناصر کی پشت پناہی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے،ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔