اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یوم عاشور پر اسلام آباد، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں 9 ویں محرم کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور عزاداروں کی حفاظت کےلئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیرداخلہ نے جلوس کےروٹ کا معائنہ کیا، مرکزی جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامات کےبارے میں بھی دریافت کیا۔منتظمین نے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کااظہار کیا۔محسن نقوی نے آئی جی اسلام آبادپولیس علی ناصررضوی اور چیئرمین سی ڈی اےمحمد علی رندھاوا کو سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات دیں اور مرکزی جلوس کا فضائی جائزہ بھی لیا،وزیرداخلہ نے مرکزی جلوس کے پورے روٹ کا فضائی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ جلوس کے اختتام پذیر ہونے تک سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے یوم عاشور پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کی ہدایت بھی کی۔