بنوں( نمائندہ خصوصی )بنوں چھاؤنی پر خودکش حملے میں 8 فوجی جوان شہید، جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے 8بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، جن میں نائب صوبیدار محمد شہزاد، حوالدار ظلِ حسین، حوالدار شہزاد احمد، سپاہی اشفاق حسین خان، سپاہی سبحان مجید، سپاہی امتیاز خان، سپاہی ارسلان اسلم اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے لانس نائیک سبز علی شامل ہیں۔حملے میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار 44 سالہ محمد شہزاد شہید ضلع پونچھ کے رہائشی تھے۔ انہوں نے 25 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔ نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید نے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹی اور 3 بیٹے چھوڑے ہیں۔ضلع نیلم سے تعلق رکھنے والے حوالدار شہزاد احمد شہید کی عمر 28 سال ہے۔ انہوں نے 8 سال تک پاک فوج میں خدمات سر انجام دیں۔ حوالدار شہزاد احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔شہید ہونے والے حوالدار 39 سالہ ظل حسین کا تعلق ضلع خوشاب سے تھا۔ انہوں نے 18 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔ انہوں نے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹے اور 4 بیٹیاں چھوڑے ہیں۔لانس نائیک سبز علی خان شہید کا تعلق ضلع لکی مروت سے تھا۔ ان کی عمر 34 سال تھی اور انہوں نے 15 سال تک دفاع وطن کا فریضہ انجام دیا۔ لانس نائیک سبز علی خان شہید کے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹی اور 2 بیٹے شامل ہیں۔شہید ہونے والے سپاہی اشفاق حسین خان کا تعلق ضلع مظفر آباد سے ہے۔ ان کی عمر 30 سال ہے اور انہوں نے 6 سال پاک فوج میں گزارے۔ سپاہی اشفاق حسین خان شہید کے سوگواران میں والدین، ایک بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہے۔سپاہی ارسلان اسلم شہید ضلع بہاولپور کے رہائشی تھے، جن کی عمر 26 سال تھی۔ سپاہی ارسلان اسلم شہید نے 2سال پاک فوج میں گزارے۔ ان کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔شہادت پانے والوں میں ضلع مظفر آباد کے رہائشی سپاہی سبحان مجید بلوچ بھی شامل ہیں۔ ان کے سوگواران میں والدین اور اہلیہ شامل ہیں۔سپاہی امتیاز خان شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔ انہوں نے سوگواران میں اہلیہ شامل ہیں۔