برلن۔(اسپورٹس ڈیسک ):سپین چوتھی مرتبہ یورو کپ کا چیمپئن بن گیا،اس نے یورپین فٹ بال چیمپئن شپ کے17 ویں ایڈیشن کے فائنل میں انگلینڈ کو سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول سے شکست دی، فتح کے ساتھ ہی سپین سب سے زیادہ چار مرتبہ یورو کپ جیتنے والا ملک بن گیا،نکولس ولیمز اور میکل اویرزبال یوگارتےنے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، انگلینڈ کی طرف سے واحد گول کول جرمین پامر نے سکور کیا۔یوئیفا کے زیر اہتمام میگا ایونٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ، چیمپئن شپ میں شائقین فٹ بال کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے ۔جرمنی کے دارالحکومت برلن کے اولمپیاسٹیڈیون میں سپین اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ میں کانٹے دار مقابلہ رہا،تاہم سپین کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر سب سے زیادہ چوتھی مرتبہ چیمپئن شپ کا چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔سپین کے نکولس ولیمز نے میچ کے 47 ویں منٹ پر ایک گول کر اپنی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلادی۔انگلینڈ کے کول جرمین پامر نے میچ کے 73 ویں منٹ پر ایک گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا جس کے بعد سپین کی ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئےمیکل اویرزبال یوگارتے کے ایک گول کی بدولت انگلینڈ پر دوبارہ 1-2 گول کی برتری قائم کر لی ۔سپین کی طرف سے میکل اویرزبال یوگارتےنے یہ گول 86ویں منٹ پر سکور کیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا،یوں ہسپانوی فٹ بال ٹیم نے فائنل میچ میں برطانوی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر سب سے زیادہ چوتھی مرتبہ نے یورو کپ کی چیمپئن بن گئی ۔دوسری جانب انگلینڈ بھی دو مسلسل یورو فائنل ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔