فلوریڈا(اسپورٹس ڈیسک ):دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیم نے کوپا امریکا فٹ بال چیمپئن شپ 2024 کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے مجموعی طور پر سب سے زیادہ 16 ویں مرتبہ ٹائٹل جیت لیا۔ فاتح ارجنٹائن کی ٹیم نے کوپا امریکا فٹ بال چیمپئن شپ کے 48ویں ایڈیشن کے فائنل میچ میں کولمبیا کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے شکست دے کر نہ صرف ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ کوپا امریکا فٹ بال چیمپئن شپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 16ویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ یوراگوئے کی ٹیم کو 15 مرتبہ کوپا امریکا فٹ بال چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔لاوٹارو جیویر مارٹنیز نے مقررہ وقت کے بعد ملنے والے اضافی وقت میں پہلے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سائوتھ امریکا فٹ بال کنفیڈریشن کے زیر اہتمام کوپا امریکا کے 48 ویں ایڈیشن کے سنسنی خیز مقابلے امریکا میں جاری ہیں جن میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ ہارڈ راک سٹیڈیم، میامی گارڈنز، فلوریڈا کے مقام پر کھیلے گئے چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن اور کولمبیا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں، جس میں انتہائی سخت اور کانٹے دار مقابلہ رہا۔سخت مقابلے کی وجہ سے میچ کے ہاف پر کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اس کے بعد مقررہ وقت تک بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی جس کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے اضافی وقت دیا گیا جس میں میچ کے 112 ویں منٹ پر دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیم کے لاوٹارو جیویر مارٹنیز نے گیند کو جال میں پھینک کر نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلادی بلکہ مجموعی طور پر سب سے زیادہ 16 ویں مرتبہ ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔واضح رہے کہ اس فتح کے بعد ارجنٹائن مجموعی طور پر سب سے زیادہ 16 ٹائٹلز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے ۔ یوراگوئے کی ٹیم 15 ٹائٹلز جیت چکی ہے ، برازیل کی ٹیم 9 بار یہ اعزاز حاصل کر سکی ہے۔ دوسرے چیمپئنز میں پیراگوئے، پیرو اور چلی ہیں جو دو، دو مرتبہ ٹائٹلز جیت چکی ہیں جبکہ بولیویا، اور کولمبیاکی ٹیموں نے ایک ،ایک مرتبہ ٹائٹل جیتاہے۔