اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیئے پر عزم ہے، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں خواتین کا اہم کردار ہے، یہ بہت اہم ہے کہ خواتین کو جدید آئی ٹی سکلز سے آراستہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے پیر کو ورلڈ یوتھ سکلز ڈے کے موقع پر پاکستان میں خواتین کے ٹیک لینڈ سکیپ میں کردار کے عنوان پر ویبینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ویبینار کا انعقاد وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے کیا۔شزہ فاطمہ نے کہا کہ خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرکے بااختیار بنانے کے لیئے اقدامات جاری ہیں،وزارت آئی ٹی سکلز ڈویلپمنٹ اور ٹیک انڈسٹری میں تمام سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے پروگرامز اور پالیسیوں کے نفاذ کے لیئے کوشاں ہے، یہ ہمارا ویژن ہے کہ خواتین کو ٹیک انڈسٹری میں ترقی کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں، بہت ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین کا ٹیک انڈسٹری کو جائن کرنے کے لیئے راستہ ہموار ہو۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ڈیجیٹل سکلز کے ساتھ خواتین گھر میں بیٹھ کر بھی کام کرسکتی ہیں، وزارت آئی ٹی کی سکلز ڈویلپمنٹ اور نوجوانوں خصوصا ًخواتین کی استعداد کار بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے، مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی خواتین کے لیئے ٹیک لینڈ سکیپ میں بہتر مواقع فراہم کیئے جاسکتے اور ان کی ترقی کے لیے راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ستر فی صد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، ٹیکنالوجی کے موجودہ دور میں نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتیں سکھانا وقت کی اہم ضرورت تانکہ وہ بہتر جابز حاصل کر سکیں، ہنر مند ورک فورس ہی ملک کو ترقی کی طرف لیکر جائے گی۔