اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عراق میں زیارات کے لیے جانے والے پاکستانی زائرین سے غیر قانونی طور پر زائد فیس وصولی میں ملوث ٹریول ایجنٹس کے خلاف ایک ہفتہ میں کارروائی یقینی بنائی جائے گی ، ہر سال لاکھوں پاکستانی زیارات کیلئے عراق جاتے ہیں،محرم اور صفر کے مہینوں میں زائرین کو کئی مشکلات پیش آتی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔عراقی حکومت کی جانب سے زائرین کو بغیر فیس انٹری ویزا کی اجازت ملنے کی صورت میں زائرین کو بہت سہولت ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت داخلہ میں عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ سے ملاقات میں کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اوورسیزپاکستانیز و مذہبی امور چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے ۔وزارت داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اوورسیزپاکستانیز و مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے عراقی سفیر کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں عراق جانے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ زائرین کو بغیر فیس انٹری ویزا کی اجازت دینے اور پاکستانی زائرین کا کوٹہ بڑھانے سے متعلق امور پر گفتگو بھی ہوئی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عراق جانے والے زائرین کو بغیر فیس انٹری ویزا دینے اور رواں سال زائرین کا کوٹہ دگنا کرنے کا مطالبہ کیا۔عراقی سفیرنے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے عراقی سفیر کو زائرین سے غیر قانونی طور پر زائد فیس وصول کرنے والے ٹریول ایجنٹس کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔وزیرداخلہ نے پاکستانی زائرین کا کوٹہ رواں سال دگنا کرنے کی استدعا کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی زائرین سے عراق میں داخلے پر پاسپورٹ نہ لئے جائیں کیونکہ اس سے انہیں واپسی میں مشکلات درپیش آتی ہیں۔عراقی سفیر نے وزیر داخلہ کو ان معاملات اور زائرین کے لئے بہترین سہولتوں کی فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔عراقی سفیر نے وزیر داخلہ کو ان ٹریول ایجنٹس کی فہرست فراہم کی جنہوں نے زائرین سے غیر قانونی طور پر زائد فیس لیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ ان ٹریول ایجنٹس کے خلاف ایک ہفتہ میں کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ملاقات میں ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ پر ویزا کی چھوٹ کے معاہدہ کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا۔ملاقات میں وزارت سمندر پار پاکستانیز اور عراق کی وزارت لیبر کے مابین ایم او یو پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔سالک حسین نے کہاکہ اس ایم او یو کے فعال ہونے سے پاکستانی شہریوں کو عراق کیلئے ورک پرمٹ حاصل کرنا آسان ہو گا۔اس ایم او یو سے قانونی امیگریشن بڑھے گی اور غیر قانونی طریقوں سے داخلہ میں کمی واقع ہو گی عراقی سفیر نے عراق کے وزیر داخلہ کی جانب سے محسن نقوی کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور عراق کے دورے کی دعوت دی۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور عراقی سفارت خانہ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔