اسلام آباد:: (نمائندہ خصوصی ) غیر قانونی طورپر نظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمااورجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے 13جولائی 1931کے شہداء کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی بھارتی قبضے سے آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کنٹرول لائن کے دونوں جانب منائے جانے والے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مشعال حسین ملک نے 1931کے قتل عام کو کشمیر کی تاریخ کا سیاہ باب قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری حصول آزادی تک اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے۔انہوں نے تنازعہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرکے مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور مقبوضہ علاقے کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کریں۔