کراچی ( کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ڈیر صدارت اعلیٰ سطحٰی اجلاس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر قیام امن کے حوالے سے پولیس اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مذید ضروری ہدایات دی گئیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ عیدالاضحی کنٹی جینسی پلان میں شامل سیکیورٹی امور واقدامات پر انکی روح کے مطابق عمل درآمد اور ضلعی سطح پر سیکیورٹی فرائض پر تعینات پولیس افسران اور جوانوں کی بریفنگ کے عمل کو یقینی بنایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ نماز عید کے مقامات، مساجد،امام بارگاہوں اوراجتماعی قربانی کے مقامات کے علاوہ مویشی منڈی کے مرکزی روٹس اور ملحقہ علاقوں کی سڑکوں پر تھانہ جات کی سطح پر سیکیورٹی کے مجموعی امور کو انتہائی ٹھوس اور غیرمعمولی بنایا جائے۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ چرم قربانی کے حوالے سے ترتیب دیئے گئے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں رجسٹرڈ تنظیموں/فلاحی اداروں کے متظمین ودیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے ہدایات دیں کہ سندھ کی تمام ہائی ویز پر مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور تمام
پولیس اضلاع متعلقہ موٹروے/ہائی ویز پولیس سے روابط کو مذید مؤثراور بہتر بنائیں۔غلام نبی میمن نے ہدایات دیں کہ صوبہ سندھ کے داخلی/خارجی راستوں پر چیکنگ اور نگرانی کے عمل کو غیرمعمولی بنانیکے ساتھ ساتھ ویڈیو ریکارڈنگ کو بھی یقینی بنایا جائے۔
جبکہ شاہراہوں،ذیلی سڑکوں اور دیگر منتخب کردہ مقامات پر پولیس پکٹنگ، پیٹرولنگ کو باہم روابط کے تحت کامیاب اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔علاوہ اذیں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیئے تمام تر ضروری اقدامات اختیار کیئے جائیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ڈی زونل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز کراچی نے براہ راست جبکہ حیدرآباد، سکھر،شہید بینظیر آباد،لاڑکانہ اور میرپورخاص رینج کے ڈی آئی جیز وضلعی ایس ایس پیز نے ذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔