اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ بورڈ نے معیشت کے استحکام اور سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول کی فراہمی کے حوالہ سے حکومت کے اقدامات کوسراہتے ہوئے توانائی بالخصوص ترسیلی نظام کو بہتر بنانے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے جمعہ کویہاں برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ بورڈ کے وفد نے ملاقات کی۔ بورڈ کے سی ای او نک او ڈونوہوئے، چیئرپرسن ہ ڈیانا لیفیلڈ، ایم ڈی اور ہیڈ آف ایشیا سری ناگراجن، ریجنل ڈائریکٹر جنوبی ایشیا حبیب یوسف، ڈویلپمنٹ ڈائریکٹرز ایلکس ووڈز اور مس جو موئر اورسینئر اقتصادی مشیر
لوئی ڈین وفد میں شامل تھے جبکہ فنانس ڈویژن کے سینئر حکام بھی اس موقع پرموجودتھے۔وزیر خزانہ نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اورانہیں پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی منظر نامے سے آگاہ کیا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ مالی سال 2024 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 2.4 فیصد رہی اورجاری مالی سال میں تقریباً 3.6 فیصد تک بہتر ہونے کی توقع ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 9.4ارب ڈالرتک پہنچ گئے ہیں ، کیپٹل مارکیٹوں میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا گیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ جون 2024 میں مہنگائی کی شرح 12.6 فیصد تک گرگئی ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں غیر ملکی ترسیلات زر میں 7.7 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے 9 ماہ کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی کامیاب تکمیل پر روشنی ڈالی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان نے گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ایم ایف کے ساتھ 9ماہ کاپروگرام کامیابی سے مکمل کیاہے اور مستقبل میں پائیدار اقتصادی ترقی کے ہدف کے حصول کیلئے اب فنڈ سے درمیانی مدت کے پروگرام پربات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکس کی بنیادمیں وسعت اور ایف بی آر کی اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹائزیشن حکومت کی ترجیح ہے، انہوں نے توانائی کے شعبے میں پیداواری لاگت کو کم کرنے اور ڈسکوز کی نجکاری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا اورکہاکہ حکومت سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات، نجکاری، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سرمایہ کاری لانے پر کام کر رہی ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری، توانائی ، زراعت اور آئی ٹی کے شعبہ جات میں کام جاری ہے، زراعت اورآئی ٹی میں بالخصوص براہ راست سرمایہ کاری لانے میں( خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ) ایس آئی ایف سی اہم کرداراداکررہی ہے ۔برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ بورڈ کے وفد نے معیشت کے استحکام اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتربنانے کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا، انہوں نے توانائی بالخصوص ترسیلی نظام کو بہتر بنانے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے وفد خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ساتھ رابطہ کاری کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہاکہ ایس آئی ایف سی ایک عملی پلیٹ فارم ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور سرمایہ کاروں کو بہترین ماحول وسہولیات فراہم کرنے میں کلیدی کرداراداکررہاہے ۔