اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان سٹاف لیول معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نیا قرض پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام کا باعث بنے گا،قرض سے نجات اور معاشی خوشحالی کا دور جلد آئے گا، پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال سے نکالنے میں آئی ایم ایف معاہدہ اہم ثابت ہوا۔ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ 37 ماہ کے قرض پروگرام پر آمادگی کا اظہار کیا ہے جس کے تحت پاکستان کو 7 ارب امریکی ڈالرز ملیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے معاشی تحفظ کے لئے تلخ اور مشکل فیصلے کئے،مشکل فیصلوں کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں،پاکستان کو مشکل معاشی صورتحال سے نکالنے میں آئی ایم ایف معاہدہ اہم ثابت ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر آئی ایم ایف کے مشکور ہیں،حکومت معیشت کو بہتر بنانے کے لئے اولین بنیادوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے،آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان میں مالیاتی اور مانیٹری پالیسی کو مضبوط بنانے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹیکس بیس کو وسیع کیا جائے گا،گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے اور معاشی استحکام کو فروغ حاصل ہوا وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب سمیت تمام معاشی ٹیم اور صوبائی وزراء اعلیٰ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں،نیا قرض پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام کا باعث بنے گا،انشاءاللہ قرض سے نجات اور معاشی خوشحالی کا دور جلد آئے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو استحکام سے مضبوط اور پائیدار بحالی کی طرف لے جانا ہمارا عزم ہے،کامیابی اس روز ہوگی جس دن ہم قرض سے نجات پائیں گے،حکومت معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات سے ملک کی اقتصادی بنیادوں کو مضبوط کرنے اور شہریوں کے لئے پائیدار ترقی اور خوشحالی کی راہیں متعین کرنے میں مدد ملے گی،حکومت پالیسی ریفارمز اور مالیاتی اہداف پر سختی سے کاربند ہو کر ملک کے کم آمدن والے طبقے کا سہارا بنی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے معیشت میں بہتری کے لئے ایکسچینج ریٹ کو مستحکم کیا، پائیدار شرح نمو حاصل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے،پاکستان کو استحکام کے مرحلے سے آگے بڑھ کر طاقتور معیشت کی طرف جانا ہوگا، انشاءاللہ ہمارے اقدامات سے معاشی ترقی کا سفر مکمل ہوگا۔