مظفر آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 13جولائی کا دن ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں کی تحریک آزادی میں تاریخ ساز اہمیت کا حامل ہے۔1931ء میں آج کے دن کشمیری مسلمانوں نے جو قربانی پیش کی وہ آج بھی کشمیریوں کے لئے مشعل راہ ہے، سرینگر سنٹرل جیل کے احاطہ میں کلمہ گو اور آزادی کے متوالوں نے اپنے لہو کا نذرانہ پیش کر کے جس جدوجہد آزادی کی بنیاد رکھی تھی وہ آج تک جاری و ساری ہے، مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک کو کشمیریوں نے اپنے خون سے زندہ رکھا ہوا ہے۔13جولائی یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہاکہ بیس کیمپ کی حکومت لائن آف کنٹرول کے اس پار بسنے والے اپنے کشمیری بھائیوں کو ایک مرتبہ پھر یقین دلاتی ہے کہ مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور انہیں اپنے جسم کا حصہ سمجھتے ہیں۔ تحریک آزاد ی کشمیر، کشمیری عوام کی قربانیوں کی بدولت ایک نئے موڑ میں داخل ہو چکی ہے۔کشمیری عوام کے جذبہ حریت کے سامنے بھارت جھکنے پر مجبور ہو چکا ہے اور قابض فوج کے حوصلے پست ہو چکے ہیں مسئلہ کشمیر نے عالمی رائے عامہ کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے اور دنیا مسئلہ کشمیرکے حل میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔