ابوظہبی۔(مانیٹرنگ ڈیسک ):متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے ششماہی "پاکستان ڈپلومیٹک مشن نیوز لیٹر” کے تازہ ترین شمارے کا اجراء کر دیا ہے۔ یہ اقدام یو اے ای میں پاکستانی سفارتخانے کے پاکستانی برادری اور اماراتی میزبانوں کے ساتھ قریبی روابط کے مزید فروغ کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ جنوری تا جون 2024 کے 48 صفحات پر مشتمل نیوز لیٹر میں سفارتی روابط، اقتصادی سفارتکاری، پاکستان کو تشخص کو اجاگر کرنے اور کمیونٹی کے ساتھ رابطوں کو مستحکم بنانے کا بھرپور احاطہ کیا گیا ہے۔”پاکستان اور یو اے ای-اقتصادی تعلقات کے نئے دور کا آغاز” کے کور پیج کے ساتھ اس نیوز لیٹر میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مئی کے آخری ہفتے میں دورہ یو اے ای کی مصروفیات اور تصاویر، خلیجی اخبارات میں نمایاں کوریج، یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور دبئی میں پاکستانی قونصلر جنرل حسین محمد کی مصروفیات، سفارتی سرگرمیوں اور مختلف تقریبات میں شرکت کو اجاگر کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں پاکستانی تشخص کو اجاگر کرنے اور کمیونٹی کے ارکان کی مختلف رنگا رنگ اور متنوع تقریبات اور پاکستانی سفارتی ٹیم سے ملاقاتوں کا بھی چیدہ چیدہ اظہار کیا گیا ہے۔یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے نیوز لیٹر کے قارئین کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یو اے ای میں ہمارا مشن کثیر الجہتی ہے جو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ دینے، قونصلر خدمات کی فراہمی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ آگے بڑھانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانہ اور دبئی میں قونصل خانہ پاکستانی برادری کی مکمل لگن اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ خدمت کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نیوز لیٹر کے ذریعے ہم سفارتی مشنز کو کاروباری مواقع، ثقافتی تقریبات کے انعقاد، قونصلر خدمات کی فراہمی سمیت مختلف سرگرمیوں اور اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ شماروں میں ابوظہبی اور دبئی میں اپنی ٹیمز کے انجام دیئے گئے کام اور سرگرمیوں کو اجاگر کیا جائے گا اور کلیدی تقریبات، کمیونٹی ارکان کی سرگرمیوں اور قونصلر امور پر اہم معلومات فراہم کی جاتی رہیں گی، ہم مل کر ایک مضبوط، فعال اور معاون کمیونٹی کی تشکیل جاری رکھیں گے۔