اسلام آباد۔(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں تحریک انصاف نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو پی ٹی آئی کا ایم این اے ڈیکلیئر کئے جانے کی درخواست نہیں دی، اس جماعت میں شمولیت بھی اختیار نہیں کی جس کا پارلیمان میں وجود ہو، انٹرا پارٹی الیکشن ٹھیک نہیں کروائے، پارٹی ٹکٹ اور ڈیکلریشن بھی جمع نہیں کروائے اور الزامات الیکشن کمیشن پر عائد کر رہے ہیں، ان کے نزدیک صرف وہ معصوم ہیں اور باقی سب قصور وار۔جمعہ کو پی ٹی آئی کے الیکشن کمیشن پر الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن آپ نے ٹھیک نہیں کروائے، پارٹی ٹکٹ اور ڈیکلریشن آپ نے جمع نہیں کروائے، وہ سیاسی جماعت جس کا پارلیمان میں وجود ہو، وہ آپ نے جوائن نہیں کی، اس کیس میں پی ٹی آئی کے ایم این اے کے طور پر ڈیکلیئر کی جانے کی درخواست آپ نے نہیں دی اور قصور وار الیکشن کمیشن کو کہہ رہے ہیں، صرف آپ معصوم ہیں اور باقی سب قصور وار۔