اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر میں پاکستان مون سون کی تیاری اور انسانی ہمدردی سے متعلق ردعمل کوآرڈینیشن فورم پر ایک اہم اجلاس کی میزبانی کی۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے سیشن کی صدارت کی۔ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، سرکردہ انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندوں نے مون سون 2024 کے لیے تیاریوں اور رابطہ کاری کو بڑھانے کے لیے سیشن میں شرکت کی۔کوآرڈینیشن فورم کا مقصد مون سون سے متعلق ممکنہ آفات کے لیے متحد اور موثر ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔ انسانی ہمدردی کی تنظیموں نے مون سون 2024 کے لیے اپنی صلاحیت کی تیاری کے بارے میں فورم کو آگاہ کیا جس میں بچائو کی صلاحیتوں، امدادی اشیاء، ہنگامی تیاریوں کے اقدامات، مقامی تربیت اور آگاہی مہم اور بحالی کے منصوبوں کے ذریعے کمیونٹی کی شمولیت کے اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے پیشگی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ فورم مون سون سے متعلقہ چیلنجز کے لیے مربوط جواب کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس کوشش میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور ترقیاتی شراکت داروں کی فعال شرکت کو سراہا۔ فورم نے شرکاءکو مہارت، وسائل اور بہترین طریقوں کا اشتراک کرنے کے قابل بنایا گیا، یہ اجتماعی نقطہ نظر مون سون کے ردعمل کی کوششوں کو بڑھائے اور کمزور کمیونٹیز پر ممکنہ آفات کے اثرات کو کم کرے گا۔