کراچی( نمائندہ خصوصی) چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی منظوری کہ بعد محکمہ سندھ جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات اور صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز کو تمام خطرناک بل بورڈز اور ہورڈنگز کو فوری طور پر ہٹانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔یہ اقدام محکمہ موسمیات، وزارت ہوابازی، حکومت پاکستان کی جانب سے 2024 کے مون سون سیزن کے دوران سندھ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا کہ حالیہ برسوں میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے ہونے والی تباہی کو مدنظر رکھتے ہوئے، جان و مال کی حفاظت کے لیے حفاظتی اقدامات بروقت نافذ کرنا ضروری ہے۔ عمارتوں اور دیگر ڈھانچوں پر بڑے بل بورڈز اور ہورڈنگز کی موجودگی خاص طور پر آندھی اور شدید بارشوں کے دوران ایک نمایاں خطرہ ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی اپنے آرڈر CP No. 18-K/2010 & CMA 209-K/2014 in CP 152-K میں ایسے خطرناک تنصیبات کو ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ ان ہدایات کی تعمیل میں، تمام غیر قانونی، غیر مجاز اور خطرناک بل بورڈز اور ہورڈنگز کو فوری طور پر ہٹایا جانا چاہیے تاکہ شہریوں کی حفاظت اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔