فیصل آباد۔ : (نمائندہ خصوصی )کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں آئی ٹی واحد شعبہ ہے جس سے ہم اپنی تعلیم یافتہ افرادی قوت کو استعمال کر کے انتہائی کم خرچ اور انتہائی مختصر مدت میں اربوں ڈالر کما سکتے ہیں لہٰذا ڈویژنل پبلک سکول کو آئی ٹی کا مرکز بنانے کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق کے مجوزہ ماڈل سٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پراجیکٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔ڈی پی ایس کے بورڈ کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے آئی ٹی کے فروغ کے سلسلہ میں ڈاکٹر خرم طارق کے ویژن کو سراہتے ہوئے ماڈل سٹی کے منصوبے کی تعریف اور ڈاکٹر خرم طارق سے درخواست کی کہ وہ اس منصوبے کا آغاز ڈی پی ایس سے کریں جبکہ بعد میں سٹی گورنمنٹ کے تعاون سے دوسرے سکولوں میں بھی آئی ٹی کی تعلیم کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ اس منصوبے کی کامیابی کےلئے انہیں ہر قسم کی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے خاص طور پر اس سکول سے تعلیم حاصل کرنے والے سرکردہ بزنس مین اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق کی طرف سے سکول کے آڈیٹوریم، لائبریری، میوزیم، فزکس، کیمسٹری اور بائیو لیب کی اپ گریڈیشن کی یقین دہانی پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی سماجی، رفاعی اور تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ان کے نام کی تختی بھی لگائی جائے گی۔ڈاکٹر خرم طارق نے ڈی پی ایس میں آٹزم سنٹر کے قیام کو سراہا اور اس میں ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے مالی اور اخلاقی تعاون کا یقین دلایا۔ آئی ٹی کے بارے میں ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ ملک کی تیز رفتار معاشی ترقی کیلئے آئی ٹی کو کلیدی حیثیت حاصل ہے اور وہ فیصل آباد کو سائبر آباد بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سٹی کے منصوبے کے تحت میٹرک اور ایف اے کے طلبہ کو آئی ٹی سکلز سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے گھروں سے بیٹھ کے فری لانسر کے طور پر کم از کم 5ڈالر فی گھنٹہ کے حساب سے کما سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ طلبہ کو خاص طور پر مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کے بارے میں تربیت دی جائے گی اور اس مقصد کےلئے غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ ان طلبہ سے رعائتی فیس وصول کی جائےگی جبکہ وہ یہ ہنر سیکھ کے90ڈالر فی گھنٹہ تک کما سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی ایس کے طلبہ کو بھی یہی سہولت فراہم کی جائےگی تاہم سکول کی سطح کے طلبہ کو آئی ٹی کے ہنر سے آراستہ کرنے کےلئے ساتویں اور آٹھویں جماعت سے ہی متعلقہ کورس متعارف کرائے جائیں گے تاکہ وہ اپنی معمول کی تعلیم کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے فن کے بھی ماہر بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس منصوبے پر عملدرآمد سے نہ صرف نوجوان نسل کیلئے روزگار کے نئے اور غیر محدود مواقع پید ا ہوں گے بلکہ وہ اپنے ساتھ ساتھ ملک کےلئے بھی قیمتی زرمبادلہ کما سکیں گے۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایجنڈے کے بارے میں اہم فیصلے کئے گئے جبکہ اس میں پرنسپل اور دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔