اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ ، سیاحت کے فروغ، کلچرل ایکسچینج پروگرام سمیت 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی موجودگی میں وزیر اعظم ہائوس میں ان معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ان میں وزارت خارجہ امور پاکستان اور وزارت خارجہ امور آذربائیجان کے درمیان قونصلر افیئرز پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ وزارت نجکاری پاکستان اور آذربائیجان کی وزارت اکانومی کے درمیان ریاستی اداروں کی نجکاری کے شعبہ میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ حکومت پاکستان اور آذربائیجان کی حکومت کے درمیان
ٹرانزٹ ٹریڈ،ترجیحی تجارتی معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔ آذربائیجان کی وزارت انصاف اور پاکستان کی وزارت قانون و انصاف کے درمیان تعاون کے معاہدے، حکومت پاکستان اور حکومت آذربائیجان کےد رمیان معدنی وسائل اور جیالوجی کے شعبہ میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔دونوں ملکوں کے درمیان کلچرل ایکسچینج پروگرام برائے سال 29۔2024 پر دستخط کئے گئے۔ اس کے علاوہ آذربائیجان کی وزارت ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ اور پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کے درمیان انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کے شعبہ میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس کے علاوہ آذربائیجان ٹیلی ویژن و ریڈیو براڈ کاسٹنگ اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کےد رمیان تعاون کیلئے مفاہمت
کی یادداشت اور حکومت پاکستان اور آذربائیجا ن کی حکومت کے درمیان سائنٹیفک و ٹیکنالوجیکل کو آپریشن کیلئے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔دونوں رہنمائوں کی موجودگی میں حکومت پاکستان اور آذربائیجان کی حکومت کے درمیان سیاحت کے شعبہ میں تعاون کیلئے معاہدے ،اسلام آباد اور باکو کو سسٹر سیٹیز قرار دینے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ سمال و میڈیم بزنس ڈویلپمنٹ ایجنسی آذربائیجان اور سمیڈا پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ادب کے شعبہ میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کیلئے نظامی گنجوی انسٹی ٹیوٹ آف لٹریچر آذربائیجان نیشنل اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان اکادمی ادبیات کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ حکومت آذربائیجان اور حکومت پاکستان کے درمیان فضائی خدمات کا معاہدہ بھی کیاگیا۔