کوئٹہ۔ : (نمائندہ خصوصی ):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آبادی کے عالمی دن کے حوالے سے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم میں بہتری ان کی حکومت کی ترجیح ہے، جب تک صحت کو سنجیدگی سے نہیں لیا جائے گا ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اس ضمن میں حالیہ بجٹ میں بھی صحت کے شعبے کیلئے کافی رقم مختص کی گئی ہے، تولیدی صحت کی خدمات خاندانی منصوبہ بندی سے آگے وسیع دائرہ کار پر محیط ہیں، جن میں زچگی کی دیکھ بھال، محفوظ پیدائش، بعد از پیدائش کی دیکھ بھال، جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں کی روک تھام اور علاج شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے عوام کی اچھی صحت اور بہبودکیلئے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے، صحت مند بلوچستان کا مطلب ،صحت مند پاکستان ہے۔