اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 17077 حجاج کی امیگریشن کی گئی۔اسلام آباد ائیرپورٹ حکام کی رپورٹ کے مطابق روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے ذریعے 52 فلائٹس میں 17077 حجاج اسلام آباد سے سعودی عرب روانہ ہوئے، پراجیکٹ کی پہلی فلائٹ 6 جون اور آخری 2 جولائی کو روانہ ہوئی۔ائیرپورٹ حکام کے مطابق منصوبے کے تحت پی آئی اے کی 21 فلائٹ پر 7174 مسافروں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کر کے سعودی عرب پہنچایا گیا،
سعودی ائیرلائن کی 17 فلائٹس کے ذریعے 6189 حجاج امیگریشن کے بعد روانہ ہوئے جبکہ نجی ائیرلائن سیرین ائیر 10 اور ائیربلیو کی 4 فلائٹس نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔حکام کے مطابق نجی ائیرلائنز کے ذریعے حج پر جانے والے 3714 عازمین کو بھی پاکستان میں امیگریشن کی سہولت فراہم کی گئیں، پراجیکٹ کا مقصد حجاج کو سعودی عرب پہنچنے پر تاخیر اور پریشانی سے بچانا تھا۔