پشاور۔:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کا تعلق ملک کی معاشی صورتحال سے ہے، پیپلز پارٹی نے ملک میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے علاوہ قومی سلامتی سے متعلق امور پر سیاسی اتفاق کےلیے اصولی طور پر حکومت کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔پیر کو گورنر ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق تمام معاملات پر جامع سیاسی اتفاق رائے ناگزیر ہے، اے پی سی میں ہونے والے فیصلوں کو سیاسی قوتوں اور پوری قوم کی حمایت حاصل ہوگی۔انہوں نے اے پی سی میں پی ٹی آئی کو مدعو کرنے کے وزیراعظم کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف اجتماعی فیصلے ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے بڑے مسائل بیروزگاری اور مہنگائی ہیں اور ان مسائل کو بہتر معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ بجٹ سے قبل پیپلز پارٹی سے مشاورت کی جاتی، پیپلز پارٹی ملک اور عوام کے مفاد میں فیصلے کرنے کے لیے حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی الزام تراشی اور محاذ آرائی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی کو دوبارہ فعال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کے راستے پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے کیونکہ ماضی کی غلطیوں پر رونے کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کلین انرجی انیشی ایٹو کے تحت صوبہ سندھ کے تمام اضلاع کے غریب لوگوں کو سولر سسٹم رعایتی نرخوں پر دئیے جائیں گے تاکہ انہیں ریلیف ملے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے کے غریب عوام کو سولر سسٹم فراہم کرکے سندھ حکومت کے نقش قدم پر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے مخالفین کی اشتعال انگیزی اور غنڈہ گردی کی سیاست کے باوجود ہمیشہ مثبت جواب دیا ہے کیونکہ ہم عوام کے مسائل کے حل اور ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کی مضبوطی چاہتی ہے اور حکومت کے ہر مثبت قدم کی حمایت کی جائے گی۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔