لاہور(نواز ظاہر سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظرانتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا ہے- وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے اربن فلڈنگ کے پیش نظر حفاظتی اور ضروری انتظامی اقدامات کی ہدایت کی ہے-وزیر اعلیٰ نے رودکوہیوں کے خطرے کے پیش نظر ڈی جی خان ایڈ منسٹریشن کو ضرور ی اقدامات کا حکم دیدیا – مریم نوازشریف نے نکاسی آب کے لیے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا زکو متحرک رہنے کا حکم دیا ہے-انہوں نے کہاکہ لاہور میں بارش کے پانی کے بروقت اخراج کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ بارشوں کے پانی کے نکاس تک متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں۔ انتظامیہ اور واسا متحرک رہیں، وسائل بروئے کار لائے جائیں۔کسی سڑک پر بارش کا پانی زیادہ دیر تک جمع نہیں ہونا چاہیے۔ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعلی نے کہاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ نشیبی علاقوں کے عوام کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے-دیہی علاقوں میں پیشگی مال مویشیوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ سیلابی صورتحال میں متاثرین کو بروقت امداد اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ارکان اسمبلی ممکنہ سیلابی صورتحال میں ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کی موثر نگرانی کریں۔ کرنٹ لگنے کے حادثات سے بچاؤ کے لئے آگاہی پھیلائی جائے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے شہریوں سے اپیل کی کہ چھوٹے بچوں کو ننگی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں۔ ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں بروقت شروع کی جائیں۔وزیر اعلیٰ نے ملتان میں بارش کے باعث چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے-وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا اور زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی-