اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے گھر پر پنجاب پولیس نے گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا۔ عمر ایوب گھر پر موجود نہ ہونے پر گرفتاری سے بچ گئے۔ رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب کی اسلام آباد میں ایف ٹین رہائشگاہ پر میانوالی پولیس نے چھاپا مارا۔ عمر ایوب نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اے ٹی سی سرگودھا نے kistanمیرے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ کچھ دیر قبل اسلام آباد اور میانوالی پولیس نے میری گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ فارم47 کی وفاقی و پنجاب حکومت اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی گرفتاری کے لئے بیتاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھاپہ مارنے والوں نے ثابت کیا کہ ملک میں کوئی رول آف لاء نہیں۔ واضح کردوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وزیراعظم بننے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ وفاقی، صوبائی حکومت اور ایجنسیاں مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہیں۔ذرائع کے مطابق میانوالی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ میانوالی پولیس نے اسلام آباد پولیس کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر عمرایوب کے گھر پر ریڈ نہیں کیا۔