کراچی(کرائم رپورٹر )کراچی کے علاقے کریم آباد کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ڈی ایس پی) علی رضا شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ ہوگئے۔ پولیس نے بتایاکہ ڈی ایس پی علی رضا پردو حملہ آوروں نے فائرنگ کی، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کی گولیوں کے 11 خول ملے‘ ریسکیو ذرائع نے بتایاکہ ڈی ایس پی علی رضا کے سر میں گولی لگی۔ فائرنگ سے علی رضا کا گن مین بھی زخمی ہوا۔ علی رضا ڈی ایس پی سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن تعینات تھے، وہ ایس ایس پی چوہدری اسلم کے قریبی ساتھی تھے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ایس ایس پی سینٹرل سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ حملے میں قریبی عمارت کا گارڈ بھی زخمی ہوا۔ حملہ آوروں کی تعداد دو تھی۔ ایک نے اجرک اوڑھ رکھی تھی جبکہ دوسرے نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔ علی رضا انچارج سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن سیل تعینات تھے۔ حملہ آور نے پسٹل پر سائلنسر لگایا ہوا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر داخلہ سندھ نے ڈی ایس پی علی رضا کی شہادت پر افسوس کا اظہار اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔