کراچی: (نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئرمین ایف بی آر کو پاکستانی بندرگاہوں پر ترجیحی بنیادوں پر جدید ترین اسکینرز نصب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کسمٹز حکام پورٹ حکام سے مل کر بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل استفادہ حاصل کرنے کیلئے جلد اقدامات یقینی بنائیں، اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہیچی سن پورٹ، ساؤتھ ایشین پاکستان ٹرمینل کا دورہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ٹرمینل کے آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کراچی میں ہیچی سن پورٹ، ساؤتھ ایشین پاکستان ٹرمینل دنیا کے چند گہرے پانی پر موجود ٹرمینلز میں سے ایک ہے،پورٹ ٹرمینل کو جدید طریقے سے چلایا جا رہا ہے جس میں زیادہ تر آپریشنز خودکار ہیں،پورٹ ٹرمینل پر جدید ٹیکنالوجی اور اسکینرز نصب کیے گئے ہیں۔وزیراعظم
کو پورٹ ٹرمینل کی استعداد کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پورٹ 35 لاکھ کنٹینرز سالانہ کی نقل و حرکت کی صلاحیت رکھتا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے بندرگاہوں پر جدید اسکینرز کی تنصیب کا عمل حتمی مراحل میں ہے جس میں جدید آلات اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے کنٹینرز کی کم وقت میں اسکیننگ کی جا سکے گی ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ پورٹ ٹرمینل کے آپریشنز بین الاقوامی معیار کے عین مطابق ہیں ،وزیرِ اعظم نے ہیچی سن پورٹ، ساوتھ ایشیئن ٹرمینل کے جدید آپریشنز کو سراہا،انہوں نے چیئرمین ایف بی آر کو پاکستانی بندرگاہوں پر ترجیحی بنیادوں پر جدید ترین اسکینرز نصب کرنے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے کہاکہ کسمٹز حکام پورٹ حکام سے مل کر بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل استفادہ حاصل کرنے کیلئے جلد اقدامات یقینی بنائیں،انہوں نے کہاکہ پاکستان کی برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے بندرگاہوں کی ترقی انتہائی ضروری ہے،ملکی برآمدات کے اضافے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،حکومت خطے کے دوسرے ممالک بالخصوص وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے مختصر اور موزوں ترین سمندری راہداری فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستانی بندرگاہوں کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے،وسط ایشیائی ریاستوں، چین اور دیگر ممالک کی پاکستانی کی بندرگاہوں کے ذریعے تجارت سے پاکستان ہر سال اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکے گا وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطا تارڑ ، جام کمال خان ،قیصر احمد شیخ، احد خان چیمہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ اعلی حکام بھی دورے کے دوران وزیرِ اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔