اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے محرم الحرام کے آغاز کے موقع پر اُمت مسلمہ کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے تمام اختلافات کو بھلا کر آپس میں اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم کر کے ہی ہم اُمت مسلمہ کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اسلامی سال نو کے موقع پر پاکستان کو نئے عزم اور ولولے کے ساتھ آگے بڑھانا اور اسلامی روایات پر بہتر طریقے سے عمل پیرہ ہو کر اسلام کے حقیقی پیغام کو اجاگر کرنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال نو کے موقع پر پوری مسلم دنیا کو فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے اسلامی سال کے پہلے مہینے محرم الحرام 1446 ہجری کے آغاز کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔اسپیکر نے کہا کہ یہ ماہ مقدس ہمیں شہدائے کربلا اور خلیفہ ثانی حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی عظیم شہادتوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیفہ ثانی حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اپنی فہم و فراست کے ذریعے دین اسلام کو عروج تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اپنے دور حکومت میں قانون کی حکمرانی کی وہ اعلیٰ مثال قائم کی جس کے آج غیر مسلم بھی معترف ہیں۔سپیکر نے کہا کہ شہدائے کربلا نے حق اور سچ کے لیے جو عظیم قربانی دی اس کی پیروی کر کے ہم دنیا میں امن قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانی سے ہمیں ایثار اور صبر و استقامت کا درس حاصل ہوتا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ اسلام امن ،محبت اور برداشت کا مذہب ہے اور فرقہ واریت انتہا پسندی او ر تعصب کی نفی کرتا ہے۔ انہو ں نے علماء کرام اور مذہبی سکالرز کو مختلف فرقوں کے مسلمانوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے اور اسلام کے حقیقی پیغام کو پھیلانے کے لیے کہا۔اسپیکر نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور فرقہ پرستی کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی اختلافات کو بھلا کر ایک جامع حکمت عملی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم کی روک تھام کے لیے تمام مسلم ممالک کو یکجا ہو کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے جس کے باعث ہزاروں بے گناہ، معصوم بچے، عورتیں اور بزرگ شہری اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں اور ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں حتیٰ کہ ظالم اسرائیلی فوج نے ہسپتالوں تک کو اپنی ظلم و بربریت کا نشانہ بنا کر دنیا میں ظلم و بربریت کی نئی داستان رقم کی ہے۔اسرائیل فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب پایا گیا ہے۔فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام عالم کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین پر اسرائیلی مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ماہ ہمیں شہدائے کربلا کی ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے اسلام کی خاطر پیش کیں۔ انہوں نے مسلم اُمہ کو صبر، برداشت اور آپس میں بھائی چارے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔