کراچی:: (نمائندہ خصوصی )کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ کشمیری ہرصورت میں جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے دیگر حریت رہنمائوں کے ہمراہ کراچی میں ایک پریس کارنفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برہان مظفر وانی شہید کی عظیم قربانی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری تھکے ہیں نہ ان کے قدم ڈگمگائے ہیں اور وہ پورے عزم و حوصلے کے ساتھ اپنی تحریک کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حق خودارادیت کے حصول کے لئے دی جانے والی قربانیوں کی بدولت کشمیری آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوں گے۔ پریس کانفرنس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویزاحمد ،راجہ شاہین، امتیاز وانی اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ برہان مظفر وانی مقبوضہ جموں و کشمیر میں متحرک آزادی پسند تنظیم حزب المجاہدین کے کمانڈر تھے۔ وہ جولائی 2016 میں شہید ہوئے۔ان کی شہادت کے بعد کشمیرکی مزاحمتی تاریخ میں طویل ترین مظاہروں کا آغاز ہوا۔ا س شہادت نے اس حقیقت کوثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے جذبے سے سرشار ہے اوروہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کوکسی صورت تسلیم کرنے کیلئے تیارنہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ تاریخ کو مسخ نہیں کیا جا سکتا۔برہان وانی کی شہادت نے اس بھارتی پروپیگنڈے کو بھی بے نقاب کر دیا کہ تحریک آزادی کشمیرکسی خارجی مداخلت کے زیر اثر ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ اقوم متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرے۔ حریت رہنما نے کہاکہ عالمی برادری کی بھی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو ان قراردادوں کے احترام پر مجبور کرے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کے آٹھ سال مکمل ہونے پر مقبوضہ جموں و کشمیر، آزاد کشمیراور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری مختلف سیمیناروں، کانفرنسوں ،ریلیوں اور مظاہروں کے ذریعے شہداء کے مشن کو جاری رکھنے کا عہد کریں گے اور برہان وانی اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہدا ء کو شاندار خراج عقیدت پیش کریں گے۔