اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، صحت اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ہفتہ کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی فل راموس کی وزارت داخلہ آمدپر ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، تعلیم، صحت اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال اور کوالیفائیڈپاکستانی نرسز کوملازمت کے لئے نیویارک بھجوانے پر اتفاق کیا گیا، اس ضمن میں طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دی جائے گی ، صحت، تعلیم اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع سے استفادہ کرنے کے قابل عمل منصوبہ تیار کیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ تعلیم، صحت اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ اپنے دور میں پنجاب میں شعبہ نرسنگ پر خصوصی توجہ دی اور نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد دگنا کی، اسلام آباد میں بھی نرسز کی تعداد میں اضافے کا منصوبہ بنایا ہے، پاکستانی کوالیفائیڈ نرسز کو نیویارک بجھوانے کے لئے فوری ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میرے حالیہ دورہ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے پر مثبت بات چیت ہوئی، اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون مزید بڑھانے کے لئے نئے شعبوں کی نشاندہی کرکے فوری اقدامات کریں گے، اشتراک کار کے لئے ہر جگہ اور ہر سطح ہونے والے اقدامات کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔پاکستان امریکا کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں، جو کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے، امریکا میں کوالیفائیڈ نرسز کی کمی ہے اور پاکستان میں اس حوالے سے بہت صلاحیت ہے۔ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی نے کہا کہ دوطرفہ اشتراک کار کے فروغ سے دونوں ملکوں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے وفاقی وزیرداخلہ کو نیویارک کے دورے کی دعوت دی۔ وفد میں نیویارک اسمبلی کے ممبر ایلک کرانسے، امریکن پاکستانی پبلک افیرز کےچئیرمین ڈاکٹر اعجاز احمد،صدر نیویارک چیپٹر طارق خان۔صدر امتیاز راہی، ڈائریکٹر ڈاکٹر پرویز اقبال، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہر ترمذی اور نائب صدر ٹیکساس ڈاکٹر خالد محمود شامل تھے۔