کراچی۔: (نمائندہ خصوصی ):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے لئے ایک ملین روپے اور مزدوروں کے 200 بچوں کو گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کے مفت کورسز کرانے کا اعلان کرتے ہوٸے کہا ہے کہ پاکستان میں مزدور اور محنت کش طبقہ کو مہنگائی، بے روزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، مزدوروں کو ضروری تربیت،حفاظتی سامان کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہوگی، یہ کانفرنس اجرت پر بحث کرنے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی گارمنٹس سیکٹر میں اجرت کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس حکومتی اداروں کے افسران، ٹیکسٹائل، گارمنٹس سیکٹر کے مینوفیکچررز ایسوسی ایشنز کے نمائندے ،بین الاقوامی خریدار، سول سوسائٹی کی تنظیمیں،گھریلو اور بین الاقوامی ٹریڈ یونینز کے نمائندے بھی شریک تھے۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اس کانفرنس کا انعقاد پاکستان میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے پس منظر میں کیا گیا مجھے امید ہے کہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہم سب اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گورنرہاﺅس کے دروازے آج غریب لوگوں کے لئے کھول دیئے گئے ہیں، امید کی گھنٹی پر 24 گھنٹے سائل اپنے مسائل لے کر آرہے ہیں،گورنر ہاوس میں نوجوانوں کو آئی ٹی کے جدید کورسز کرائے جارہے ہیں،آج یہ نوجوان دوران تربیت ہی300 سے 600 ڈالرز ماہانہ کمارہے ہیں جبکہ گورنرہاؤس سے مستحقین میں راشن بیگز بھی تقسیم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے ہر مشکل وقت میں آگے بڑھ کر ملک کو سہارا دیا۔