اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی )۔وزیراعظم مشیر برائے سیاسی امور اور بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ک جلسے کی اجازت کی منسوخی خالصتاً ایک انتظامی معاملہ ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلیاں نکالنا اور لوگوں کو متحرک کرنا جمہوریت کا نچوڑ ہے تاہم، پی ٹی آئی کو جلسے کی کال دینے سے پہلے وقت کی حساسیت پر غور کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی انتظامیہ کے پاس مناسب جواز ہوگا کہ انہوں نے اجازت کیوں منسوخ کی۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم کے دوران جب انتظامیہ جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے پر پوری طرح مصروف ہے دیگر تقریبات کے لیے لوگوں کو جمع کرنا غیر دانشمندانہ ہے۔آل پارٹی کانفرنس (اے پی سی) کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔