برسلز۔(نمائندہ خصوصی ):بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے جمعہ کو بارسلونا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈپلومیسی سمر سکول میں سائنس ڈپلومیسی کے بارے میں خصوصی لیکچر دیا۔برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق سفیر نے سائنس ڈپلومیسی کے حوالے سے درپیش چیلنجوں اور مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے منظر نامہ اور اس ضمن میں روابط کے فروغ کے طریقوں کو بھی اجاگر کیا۔واضح رہے کہ بارسلونا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈپلومیسی ہب ،سائنس ڈپلومیسی حکمت عملی کے نفاذ کے حوالے سے دنیا کے اولین شہروں میں شمار ہوتا ہے یہ غیر منافع بخش پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ادارہ ہے جو بارسلونا کو سائنس ڈپلومیسی کے میدان میں ایک ممتاز مقام عطا کرتے ہوئے خارجہ پالیسی میں سائنس، ٹیکنالوجی اور شہروں کے کردار کو نمایاں کرتا ہے۔