اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پاکستانی حکومت پر عزم ہے۔ جمعہ کو وزارت تجارت سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان میں سویڈن کے سفیر ہنریک پارسن سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ترجیح نہ صرف دو طرفہ بلکہ سہ فریقی فریم ورک کے ذریعے اقتصادی تعلقات کو بڑھانا ہے۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستانی نوجوانوں نے بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں، ہمارے نوجوان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ جام کمال خان نے کہا کہ حکومت قومی اور بین الاقوامی کاروباری برادریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، ہمارا مقصد ایک ایسا ماحول بنانا ہے جہاں کاروبار ترقی کر سکیں اور ہماری اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔اس موقع پر سفیر ہنریک پارسن نے پاکستان میں کاروبار کرنے والی سویڈن کہ کمپنیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن کی کمپنیاں پاکستان میں بہترین سازگار ماحول میں کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور تمام کمپنیاں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ذاتی طور پر پاکستان میں سرگرم تمام سویڈش کمپنیوں سے ملاقات کی ان میں سے کسی کے پاس بھی کہنے کو کچھ منفی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سازگار کاروباری ماحول سے تمام لوگوں کو فائدہ اُٹھانا چاہئے کیونکہ پاکستان کے اندر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، انجینئرنگ اور تعلیم کے شعبوں میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سویڈن اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔پاکستان پوری دنیا کے لئے بین الاقوامی تجارت کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سویڈن کے تعلقات صرف مضبوط نہیں بلکہ ٹھوس اور پائیدار ہیں، جو پائیدار اقتصادی شراکت داری کے لئے اہم ہیں۔