اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر صرف 3 ماہ میں اسلام آباد میں پہلی بار آرام دہ اور ماحول دوست الیکٹرک بسیں چل پڑیں ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے شہریوں کے لئے الیکٹرک بسوں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔انہوں نے الیکٹرک بسوں کا معائنہ کیا اور سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے الیکٹرونک مشین سے ٹوکن لیا اور الیکٹرک بس میں سوار ہوئے۔وفاقی وزیرداخلہ
محسن نقوی نے الیکٹرک بس میں سفر کیا اور بس کے اعلی معیار کی تعریف کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں33 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔مجموعی طور پر اسلام آباد میں 160 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔33 الیکٹرک بسیں آگئی ہیں۔ ترکیہ کے سفیر ، چین کے سفارت خانے اور این آر ٹی سی کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ 16 ہزار شہری الیکٹرک بسوں پر سفر کریں گے۔ الیکٹرک بسوں کے لئے چارجنگ سٹیشن قائم کیا گیا ہے۔بسیں صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک چلیں گی۔الیکٹرک بسیں اسلام آباد کے شہریوں کیلئے ایک تحفہ ہیں ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سی ڈی اے کی ٹیم الیکٹرک بسوں کی کامیاب لانچنگ پر شاباش کی مستحق ہے، اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنائیں گے تاکہ شہری آسانی کے ساتھ سفر کرسکیں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو الیکٹرک بسوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی ، ترکیہ کے حکام ، این آر ٹی سی کے عاصم اسحاق ، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔