جموں:(نمائندہ خصوصی )مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں شیو مندر میں توڑ پھوڑ کے سلسلے میں پولیس نے 43افراد کو گرفتار کیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض حکام نے میڈیا کو بتایاہے کہ ہفتہ کی شام دھرمری علاقے کے ایک گائوں میں ہندوئوں کے ایک مندر میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی جس کے بعد علاقے میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔سوشل میڈیا پر مندر کی توڑ پھوڑ کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد مقامی لوگوں اور متعدد ہندو تنظیموں نے جموں خطے کے مختلف مقامات پر احتجاج کیاتھا۔ریاسی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہتا شمرا نے میڈیا کو بتایاکہ پولیس نے ارناس کے علاقے دھرماری کے ایک مندر میں توڑ پھوڑ کے سلسلے میں 43افراد کو گرفتارکیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار کئے گئے افراد سے تفتیش جاری ہے ۔